گستاخ نوپور شرما اور نوین جندال کو بی جے پی نے پارٹی سے برخاست کردیا

بی جے پی نے گستاخ نوپور شرما اور نوین جندال کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کر دیا۔


بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے کچھ روز قبل مخالف اسلام تبصرے کئے تھے جس کے بعد ملک بھر میں گستاخ خاتون کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا اور متعدد ریاستوں میں اس کے خلاف مقدمات بھی درجکئے گئے۔

بی جے پی نے آج نوپور شرما کو باہر کا راستہ بتادیا۔ بی جے پی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے، کسی بھی ایسے نظریے کے سخت مخالف ہے جو کسی بھی فرقہ یا مذہب کی توہین کرتا ہو،۔

بی جے پی کسی بھی مذہب کی یا کسی بھی مذہبی شخصیت کی توہین کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے یہ بیان جاری کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ “ہندوستان کا آئین ہر شہری کو اپنی پسند کا مذہب اختیار کرنے اور اس پر چلنے کی اجازت دیتا ہے، ہر مذہب کا احترام کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ ہم ایک عظیم ہندوستان بنانے کےلیے پرعزم ہے جہاں ہر کوئی عزت کے ساتھ زندگی بسر کرسکے۔

واضح رہے کہ کانپور میں پیغمبر اسلام کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف مسلمانوں نے گذشتہ جمعہ کو بازار بند کی کال دی تھی تاہم اس دوران فرقہ وارانہ تصادم کا واقعہ پیش آیا۔

بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما گیان واپی معاملے میں ایک انگریزی چینل پر نیوز ڈیبیٹ کے دوران پیغمبر اسلام کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا اور متعدد ریاستوں میں اس خاتون کے خلاف مقدمات بھی درج ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں