مہاراشٹر میں راجیہ سبھا کی چھ سیٹوں پر ہونے والے انتخابات میں اسدالدین اویسی کی پارٹی کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے دو ارکان اسمبلی، مہا وکاس اگھاڑی کی حمایت میں ووٹ دیں گے۔ مہاراشٹر مجلس کے صدر اور اورنگ آباد کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے آج ووٹنگ سے قبل ٹوئٹ کرکے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے ٹویٹ میں بتایا کہ بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ہماری پارٹی نے مہاراشٹر میں راجیہ سبھا انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایسا مانا جارہا ہے کہ مجلس کی تائید سے بالراست طور پر کانگریس کے امیدوار عمران پرتاب گڑھی کو فائدہ ہوگا اور ان کے مقابل بی جے پی امیدوار کو نقصان ہوگا۔
راجیہ سبھا کی سیٹ جیتنے کے لیے امیدوار کو 42 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ شیوسینا کی زیر قیادت مہا وکاس اگھاڈی کے پاس راجیہ سبھا کی چھ میں سے تین سیٹیں جیتنے کی تعداد ہے جس کے لیے 288 ایم ایل اے ووٹ ڈالیں گے۔ بی جے پی، جس کے اسمبلی میں 106 ارکان ہیں، اپنے طور پر دو امیدوار کو وہ جتا سکتی ہے، لیکن اس نے چھٹی سیٹ کے لیے شیوسینا کے سنجے پوار کے خلاف تیسرے امیدوار دھننجے مہادک کو کھڑا کیا ہے جبکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کانگریس کا ایک ایک امیدوار پرفل پٹیل اور عمران پرتاپ گڑھی بھی اس سیٹ کے لیے دوڑ میں ہیں۔ ایسے میں دیکھنا یہ ہے کہ اس سیٹ پر کس پارٹی کی جیت ہوتی ہے۔
AIMIM to vote for Shiv Sena-led MVA in Maharashtra Rajya Sabha polls