شہید مدثر کی دسویں کے امتحانات میں شاندار کامیابی، نوعمر عاشق رسول، نوپور شرما کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ میں جاں بحق ہوا تھا

گستاخ نوپور شرما کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ 10 جون بروز جمعہ رانچی میں بی جے پی کی سابق رہنما کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔ اس دوران پولیس فائرنگ میں محمد مدثر جاں بحق ہوگیا جو اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد تھی۔
شہید محمد مدثر نے اس سال جھارکھنڈ میں منعقد ہوئے دسویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کی تھی، تاہم عاشق رسول کی موت کے 11 روز بعد جاری کئے گئے دسویں کے نتائج میں محمد مدثر نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 66.6 فیصد نشانات حاصل کئے۔ نتائج سامنے آنے کے بعد ہر کسی کی آنکھیں نم ہوگئیں اور ہر کوئی افسوس کا اظہار کررہا ہے۔
کچھ روز قبل مدثر کی ماں کا ایک ویڈیوں وائرل ہوا تھا جس میں ایمان کے جذبہ سے سرشار ماں نے اپنے لخت جگر کو شہید کہا تھا اور اس کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا تھا۔
معروف صحافی رانا ایوب نے ٹوئٹ کرکے اطلاع دی کہ مدثر نے دسویں جماعت کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس نے تحمل سے کام لیتے ہوئے فائرنگ نہ کی ہوتی تو ایک ہونہار نوجوان باحیات ہوتا اور اپنے ماں باپ کا سہارا بنتا۔

واضح رہے کہ 10 جون کو رانچی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران ہوئے تشدد کے بعد پولیس فائرنگ میں محمد مدثر اور محمد ساحل جاں بحق ہوگئے۔ دو روز قبل حیدرآباد کے رکن پارلیمان و مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے دونوں جاں بحق نوجوانوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں