افغانستان میں گزشتہ روزآنے والے زلزلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 600 افراد کے زخمی ہونےکی اطلاعات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق افغان صوبے پکتیکا میں گزشتہ روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 6.1 سے زائد بتائی گئی، زلزلے کے نتیجے میں اب تک 1000 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 600 زخمی ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہےکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ملبے میں دبے افرادکو نکالنے کےلیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے۔ افغان حکومت نے بین الاقوامی اداروں سے بھی مدد کی اپیل کردی ہے، زلزلہ خوست سے تقریباً 44 کلومیٹر دور 51 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، زلزلےکے جھٹکے کابل، غزنی، پکتیکا، خوست، ننگرہار، لغمان اور پاکستان کے کئی شہروں میں بھی محسوس کیےگئے۔