بھارت کی ڈیجیٹل معیشت دوہزار پچیس تک ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی: وزیر اعظم

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت ڈرونز، ماحولیات کو نقصان نہ پہنچانے والی توانائی اور خلا سمیت ہر شعبے میں جدت طرازی کی حمایت کرتا ہے۔ برکس کاروباری فورم میں ورچوئل طریقے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو امید ہے کہ بھارتی معیشت میں اِس سال ساڑھے سات فیصد کی نشوونما ہوگی۔
جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی ڈجیٹل معیشت کی قدر 2025 تک ایک ٹریلین امریکی ڈالر ہوجائے گی۔ بھارتی معیشت کی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ملک کے قومی بنیادی ڈھانچے کے تحت ایک اعشاریہ پانچ ٹریلین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا موقع موجود ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کی کامیابی جدت طرازی اور اسٹارٹ اپس کے ساتھ ٹیکنالوجی سے ہونے والی ترقی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے دوران بھی حکومت نے زندگی بسر کرنے میں آسانی، پی ایم گتی شکتی اور ڈجیٹل بدلاؤ اور ڈجیٹل معیشت کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی وبا سے پیدا ہونے والے اقتصادی مسائل سے نمٹنے کیلئے بھارت نے اصلاح، کارکردگی اور بدلاؤ کا منتر اختیار کیا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اِس نظریے کے نتائج بھارتی معیشت کی کارکردگی سے عیاں ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ نئے بھارت میں ہر شعبے میں یکسر بدلاؤ ہورہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ برکس کو اِس خیال سے قائم کیا گیا تھا کہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کا یہ گروپ عالمی ترقی کے انجن کے طور پر ابھر سکتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ آج جب دنیا کووڈ کے بعد کی بحالی پر توجہ مرکوز کررہی ہے، برکس ملکوں کا کردار بہت اہم ہوگا۔ برکس سربراہ میٹنگ کل شروع ہوگی جس میں وزیراعظم ورچوئل طریقے سے خطاب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں