مہاراشٹرا کے ممبئی میں مشرقی کرلا کے علاقے شیو سروشتی روڈ پر ایک خانگی عمارت کا کچھ حصہ گذشتہ رات دیر گئے منہدم ہوگیا، جبکہ ملبے میں متعدد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
حادثہ کے فوری بعد فائر بریگیڈ کا عملہ متحرک ہوگیا اور 12 افراد کو ملبے سے نکالنے میں کامیاب رہا جبکہ ابھی بھی تقریباً 25 افراد کے ملبے میں پھنسے رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ فائر فائٹرز اور پولیس اہلکاروں کی جانب چے راحت و بچاؤ کاری کا کام جاری ہے۔ مقامی لوگوں کی وجہ سے اب تک 12 افراد کو ریسکیو کیا جاسکا۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
مہاراشٹر حکومت کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تمام لوگوں کو باہر نکالنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کے باقی حصہ کو بھی گرادیا جائے گا۔
ایک ذرائع نے بتایا کہ کرلا ایسٹ، نائک نگر سوسائٹی، شیو سروشتی روڈ پر واقع ایک بلڈنگ کا کچھ حصہ رات 11 بجکر 50 منٹ پر منہدم ہوگیا۔