راجستھان کے اودے پور میں گستاخ نوپور شرما کی تائید کرنے والے ٹیلر کے قتل کی واردات کے بعد حیدرآباد پولیس ہائی الرٹ پر ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ کو نظر میں رکھتے ہوئے سائبر آباد کمشنریٹ حدود میں سکشن 144 نافذ کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اودے پور میں کنہیا لال کے قتل کے بعد حیدرآباد میں پولیس کے اعلیٰ عہدیدار شہر میں ہونے والی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
شہر کے تمام حساس علاقوں میں پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ سینئر پولیس اہلکار رات کے اوقات میں بھی اپنے دفتر میں حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حیدرآباد میں پرامن ماحول برقرار ہے اور تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں تاہم احتیاطی تدابیر کرتے ہوئے سیکوریٹی کو سخت کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ آئندہ 2 اور 3 جولائی کو بی جے پی کی جانب سے کئی بڑے پروگرامز منعقد ہوں گے اور وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ و دیگر وزرائ اور بی جے پی کے سینئر رہنما حیدرآباد میں قیام کریں گے جس کے لیے بڑے پیمانہ پر سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور چوکسی برتی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ حیدرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر وزیراعظم ایک بڑے جلسہ کو مخاطب کریں گے۔