قومی تحقیقاتی ایجنسی نے حیدرآباد کے پرانے شہر میں رہنے والے محمد منور حسین اشرفی کو نوٹس جاری کیا، جنہیں ادے پور میں درزی کنہیا لال کے قتل کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے منگل کو سنتوش نگر سے حراست میں لیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق بہار میں بھاگلپور کے مچی پور کے رہنے والے محمد منور حسین اشرفی جو فی الحال سنتوش نگر کے قلندر نگر میں رہائش پذیر ہیں کو این آئی نے 14 جولائی کو راجستھان کے جے پور میں پوچھ گچھ کےلیے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس دیا ہے۔
قبل ازیں اشرفی کو این آئی اے کی ٹیم نے حراست میں لیا تھا اور ان کے گھر کی تلاشی لی تھی تاہم بعد میں اشرفی کو چھوڑ دیا گیا۔ اشرفی حیدرآباد کے ایک مدرسہ میں ملازمت کررہے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق این آئی اے نے اشرفی کو حراست میں لیکر ایک فون کال سے متعلق دریافت کیا جو انہیں کچھ روز قبل کنہیا لال قتل کیس کے ایک مشتبہ شخص کے نمبر سے موصول ہوا تھا۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم حیدرآباد کے پرانے شہر میں ایک شخص سے ادے پور میں کنہیا لال کے قتل معاملہ کے مشتبہ ملزم کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات کے سلسلہ میں پوچھ گچھ کررہی ہے۔