(ایجنسیز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی زیر صدارت ایرانی سپریم کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔ خیال رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثےکی اطلاعات کے درمیان یہ اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی کا کہنا ہےکہ ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے جولفہ کے قریب سرچ آپریشن جاری ہے، خراب موسم کی وجہ سے سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وہیں میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر ایران اور آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کا افتتاح کرکے واپس آرہے تھے۔ ڈیم کے افتتاح کے موقعے پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی موجود تھے۔
ہیلی کاپٹر میں وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، مشرقی آذربائیجان کےگورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدرکے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کے بارے میں پر امید ہیں، حادثےکی جگہ سے آنے والی خبریں تشویش ناک ہیں۔
دوسری جانب ایرانی چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پاسداران انقلاب، فوج اور پولیس کو حکم دیا ہےکہ وہ صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔