قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ایبے دم توڑ گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ جمعے کی صبح نارا کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب شنزو ایبے انتخابی مہم کے سلسلے میں وہاں موجود تھے۔
مقامی چینل نیشنل براڈکاسٹر این ایچ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے بعد ایک 40 سالہ کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم اتوار کو ہونے والے ایوان بالا کے انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شریک تھے۔ ان کے خطاب کے دوران اچانک فائرنگ ہوئی۔
ایک عینی شاہد خاتون نے این ایچ کے کو بتایا ’جب شنزو ایبے خطاب کر رہے تھے اس وقت ایک شخص پیچھے سے ان کے قریب آیا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’پہلی گولی کی آواز کسی پٹاخے جیسی تھی اور وہ کھڑے رہے تاہم دوسری آواز بہت تیز تھی اس کے ساتھ ہی لوگوں نے چنگاری اور دھواں بھی اٹھتا دیکھا۔‘