مصری عازمِ حج سائیکل پر مکہ پہنچ گیا، راستے میں کیا کیا ہوا؟

(ایجنسیز) مصری سیاح حج کی ادائیگی کے لیے سائیکل پر قاہرہ سے مکہ پہنچ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد نامی مصری سیاح نے 1700 کلو میٹر کا طویل سفر سائیکل پر مکمل کیا اور قاہرہ سے مکہ پہنچنے پر اپنے 26 روزہ حیرت انگیز سفر کی روداد سُنا دی۔

سیاح کے مطابق اس نے اپنے سفر کا آغاز مصر کی مغربی مضافات سے تنہا شروع کیا لیکن سفر کے آغاز میں رات کے وقت اسے محسوس ہوا کہ وہ اکیلا نہیں ہے بلکہ کوئی اور بھی موجود ہے جس کی وجہ سے اس کی رفتار کم ہوگئی۔

ان کے مطابق وہ مغربی مضافاتی علاقے سے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے اور پھر بحری جہاز میں اردن کی بندرگاہ العقبہ پر اترے، جہاں سے وہ تبوک آئے اور پھر تیما، خیبر سے گزرتے ہوئے مدینہ منورہ کا رخ کیا اور وہاں چند دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ راستے میں الجموم کے لوگوں سے بھی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے الجموم کے لوگوں کی غیرمعمولی اندازِ میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں دو دن تک ان کا مہمان رہا، اس دوران جو بھی ملتا وہ نہایت احترام اور عزت سے پیش آتا۔

سیاح کے مطابق وہ فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد سائیکل پر ہی خلیجی ممالک کے سفر کا ارادہ رکھتے ہیں، جو تقریبا 4100 کلو میٹر کا سفر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں