بڑی خبر: کوویت کی بلڈنگ میں آگ بھڑک اٹھی، 41 افراد جاں بحق، مرنے والوں میں ہندوستانی شہری بھی شامل

حیدرآباد (دکن فائلز) کویت کے شہر المنقف میں ایک رہائشی عمارت میں آتشزدی کے واقعہ میں کم از کم 41 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا۔ کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے تقریباً 43 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا اور ان میں سے چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایک اطلاع کے مطابق مرنے والوں میں ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں جبکہ ایک اور اطلاع میں بتایا گیا کہ متاثرین میں زیادہ تر ہندوستانی شہری ہوسکتے ہیں۔

x.com/i/status/1800822257792807031

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ٹوئٹ کیا کہ “کویت شہر میں آتشزدگی کے واقعہ کی خبر سے گہرا صدمہ ہوا ہے۔ مبینہ طور پر 40 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں اور 50 سے زیادہ ہسپتال میں داخل ہیں۔ ہمارے سفیر کیمپ کئے ہوئے ہیں اور مزید معلومات کا انتظار ہیں۔

اس سلسلہ میں کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ آگ کے حادثے میں کچھ ہندوستانی شہری بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ سفارت خانہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ان لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت جو المناک طور پر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔ ہمارا سفارت خانہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افراد کی مکمل مدد کرے گا۔”

کویت میں ہندوستانی سفیر نے کہا کہ آج کے آتشزدگی کے واقعہ میں زخمی ہونے والے 30 ہندوستانی کارکنوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ متاثرہ عمارت میں ایک ہی کمپنی کے 160 ملازمین رہائش پذیر تھے، جن میں سے متعدد کو بچا لیا گیا، جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ حکام نے بتایا کہ زیادہ تر ہلاکتیں آگ کے دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ کمپنیوں کو خبردار کرتے ہیں کہ بہت زیادہ ورکرز کو ایک جگہ نہ رکھا جائے۔انہوں نے کمپنی کا نام، ہلاک ورکرز کی قومیت اور دیگر تفصیلات جاری نہیں کیں۔ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔

دوسری جانب کویتی وزیرداخلہ نے عمارت کے مالک اور کمپنی کے مالک کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں