(ایجنسیز) لاکھوں حجاج کرام مشعرعرفات کے جبل رحمت پر پہنچنے کے بعد اللہ سے ہاتھ اٹھا کر دعاؤں میں مصروف ہیں۔
“لبيك اللهم لبيك، لبيك لا شريك لك لبيك، إن الحمد والنعمة لك والملك، لا شريك لك” کی تلبیہ کے ساتھ حجاج کرام آج صبح منیٰ سے عرفات کی جانب عازم سفر ہوئے۔
االعربیہ کی رپورٹ کے مطابق دن بھر حجاج کرام جبل رحمت پر اللہ سے گڑ گڑا دعاؤں میں گذاریں گے منیٰ سے عرفات کی طرف سفرکرتے ہوئے ضیوف الرحمان اللہ کے پاک گھر کی زیارت کا قصد لیے اپنی تمناؤں، رحمت اور بخشش ومغفرت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ شام کو وہ مزدلفہ کی طرف عازم سفر ہوں گے جہاں رات مزدلفہ میں گذاریں گے۔
اس وقت عرفات کی فضا سفید احرام میں ملبوس ضیوف الرحمان کی دعاؤِ التجاؤں، تلبیہ اور تسبیح وتہلیل سے گونج رہی ہے۔ ان کی آنکھوں میں آنسوں، لبوں پر حمد وثنا، زبان پر دعائیں اور ہاتھ پروردگار کی رحمت کی طلب میں آسمانوں کی طرف بلند ہیں۔
رکن اعظم کی ادائی کے دوران حجاج کرام سنت خیرالبشرﷺ کو زندہ رکھتے ہوئے ظہر اورعصر کی نمازیں ایک اذان اور دو اقامتوں کے ساتھ قصر ادا کریں گے۔ شام کوحجاج کرام سنت نبوی ﷺ پر چلتے ہوئے مزدلفہ کی طرف کوچ کریں گے۔