رواں برس 18 لاکھ 33 ہزار 164افراد نے فریضہ حج ادا کیا

(ایجنسیز) حجاج کرام گزشتہ روز حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کرنے کے بعد آج بڑے شیطان کی رمی میں مصروف ہیں رواں سال 18 لاکھ سے زائد افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رسان ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ رواں سال 18 لاکھ 33 ہزار 164 افراد نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔

ایک پریس بریفنگ میں انہوں نے مکہ سے منیٰ اور عرفات تک حج کے مراحل کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق حجاج کا تعلق دنیا کے 200 سے زیادہ ملکوں سے ہے۔ ایشیائی ملکوں سے آنے والے حجاج کی تعداد 63.3 فیصد، عرب ممالک سے 23.3 فیصد، افریقہ سے 11.3 فیصد، امریکا اور آسٹریلیا سے 3.2 فیصد رہی جب کہ داخلی حجاج کی تعداد دو لاکھ 21 ہزار 854 اور بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کی تعداد 16 لاکھ 11 ہزار 310 ریکارڈ کی گئی ہے۔

حجاج میں 9 لاکھ 58 ہزار 137 مرد اور 8 لاکھ 75 ہزار 25 خواتین شامل ہیں۔ ان میں سے 15 لاکھ 46 ہزار 345 حجاج کرام فضائی، 60 ہزار 251 بری اور 4714 حجاج سمندری راستے سے سعودی عرب پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ روٹ کے ذریعے مملکت آنے والے حجاج کی تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 901 رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں