(ایجنسیز) سعودی عرب میں خانہ کعبہ کا نیا غلاف ’کسوہ‘ تیار کر لیا گیا ہے جو یکم محرم الحرام کو پروقار تقریب میں خانہ کعبہ کی زینت بنایا جائے گا۔ ’کسوہ‘ دراصل عربی زبان کا لفظ ہے، خانہ کعبہ کی دیواروں اور باب کعبہ کو جس کپڑے سے ڈھانپا جاتا ہے اسے ’کسوہ‘ یعنی غلاف کعبہ کہا جاتا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خانہ کعبہ کا نیا غلاف، خانہ کعبہ کے خصوصی محافظ کے حوالے کیا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ اور خانہ کعبہ کے نائب چیف محافظ عبدالمک بن طحہ الشیبی نےغلاف کعبہ کی حوالگی کی دستاویز پر دستخط کیے۔
غلاف کعبہ کئی دہائیوں سے ہر سال ذوالحجہ کے مہینے میں تبدیل کیا جاتا ہے، غلاف کعبہ کی تیاری میں سیکڑوں کلو گرام ریشم، چاندی اور سنہری دھاگوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ حج 2024 ایام کے اختتام کے ساتھ ہی غلاف کعبہ کلید بردار کے حوالے کر دیا گیا اب یکم محرم کو غلام کعبہ کو تبدیل کیا جائے گا۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے نائب چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے غلاف کعبہ کو کلید بردار کعبہ کے حوالے کر دیا۔
اس حوالے سے وزیر حج وعمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیرمین ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور کلید بردار کعبہ کے نائب عبدالمالک بن طہٰ الشیبی نے دستاویز پر دستخط کی۔
واضح رہے کہ پہلے کئی دہائیوں تک ہر سال غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحج کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا تاہم دو سال سے اب غلاف کعبہ نئے سال ہجری کے آغاز پر یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جاتا ہے۔