(ایجنسیز) حج کا آخری یوم گذر چکا ہے، اب حجاج کرام اپنا زیادہ تر وقت دعاؤں میں گذار رہے ہیں۔ ہر کوئی نم آنکھوں سے پیارے اللہ سے گناہوں سے مغفرت اور بخشش کی دعا مانگ رہا ہے اور اپنے گناہوں کو درگذر کرنے کی التجا میں مصروف ہے۔ اللہ تعالی کی بارگاہ میں حجاج کرام گڑگڑا کر دعائیں کررہے ہیں۔
حجاج کرام نے تینوں جمروں پر رمی کے مناسک مکمل کرلیے ہیں۔ رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف وداع کے لیے بیت اللہ کا رخ کررہے ہیں۔ ساتھ ہی حجاج کرام منیٰ کو الوداع کہہ کر واپس لوٹ رہے ہیں۔
رمی جمرات کے بعد حجاج کے قافلے مناسک ادا کرنے اور اسلام کے پانچویں ستون کی تکمیل کے بعد منیٰ کو الوداع کہنے لگے ہیں۔ وہ سب کے سب اپنے گناہوں اور بداعمالیوں کو معاف کرا کے اپنے وطن واپس آنے کی امید کے ساتھ لوٹ رہے ہیں۔
حجاج کرام منیٰ کو چھوڑ رہے ہیں مگران کے دل اس کے ساتھ وابستہ ہیں۔ وہ اپنے ساتھ خوبصورت یادیں لے کرلوٹ رہے ہیں۔ ضیوف الرحمان کو امید ہے کہ فریضہ حج ان کی خطاؤں کی معافی کا ذریعہ ثابت ہوگا۔