پانی پوری نہ کھائیں، تلنگانہ صحت عامہ کے ڈائرکٹر کا عوام کو مشورہ

بارش کے موسم میں اکثر لوگ گرم گرم چٹ پٹی چیزیں کھانا پسند کرتے ہیں جیسے مرچی، پانی پوری وغیرہ وغیرہ جبکہ طبی ماہرین ایسے موسم میں اسٹریٹ فوڈ سے پرہیز کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

تلنگانہ میں صحت عامہ کے ڈائرکٹر، ڈاکٹر سرینواس راؤ نے لوگوں کو بارش کے موسم میں پانی پوری کھانے سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی چیزیں کھانے سے موسمی بیماریاں بالخصوص ٹائیفائیڈ لاحق ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر سرینواس نے اپنے بیان میں کہا کہ “برسات کے موسم میں پانی پوری نہ کھائیں، پانی پوری سے آپ کو ٹائیفائیڈ ہوسکتا ہے کیونکہ زیادہ تر دکاندار حفظان صحت اور صفائی کے بنیادی اصولوں کا خیال نہیں رکھتے‘۔

انہوں نے کہا کہ صرف 10 روپے کے پانی پوری کی خاطر آپ اپنی صحت کو برباد نہ کریں۔ وہیں انہوں نے پانی پوری فروخت کرنے والوں کو صاف صفائی کا خیال رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ تقریباً تمام موسمی بیماریاں جو گذشتہ چند ہفتوں کے دوران رپورٹ ہوئی ہیں ان سب کا تعلق آلودہ خوراک اور پانی سے ہے۔

واضح رہے کہ ریاست بھر میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ایسے میں لوگوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رہنے کےلیے ضروری اقدامات کرنا چاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں