(ایجنسیز) مسجد الحرام کی انتظامیہ اور الحرمین الشریفین کی جنرل پرزیڈنسی نے نئے اسلامی سال محرم الحرام کا آغاز ہوتے ہی غلاف کعبہ کو تبدیل کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں نئے اسلامی سال محرم الحرام کا چاند نظر آنے پر نماز عشاء کے بعد غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں افراد نے حصہ لیا۔
غلاف کعبہ کی تبدیلی کے وقت مسجد الحرام میں روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، ہزاروں کی تعداد میں نمازی اور زائرین موجود تھے جو اس روح پرور تقریب کا حصہ بنے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کے کام میں 159 تکنیکی ماہرین اور کاریگروں نے حصہ لیا۔ کسوہ کی تیاری میں 120 کلو سونا اور 100 کلو چاندی کا دھاگا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اس کی تیاری میں 200 سے زائد افراد حصہ لیتے ہیں۔
یہ تمام افراد غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل میں حصہ لیتے ہیں، یہاں دنیا کی سب سے بڑی سلائی مشین جو 16 میٹر طویل ہے اور یہ کمپیوٹر سسٹم پر چلتی ہے، جس کے ذریعے غلاف کعبہ کے دیگر کام انجام پاتے ہیں، غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل سب سے پہلے حطیم میں ہوتا ہے۔
کسوہ فیکٹری سے غلاف کعبہ مسجد الحرام منتقل کیا گیا، 1300 کلو گرام وزنی غلاف کعبہ پر 20 ملین ریال لاگت آئی ہے۔ واضح رہے کہ پرانے غلاف کعبہ کے ٹکڑوں کو سعودی حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں مقیم معزز شخصیات کو بطور تحفہ بھیجا جاتا ہے۔