ہندوستانی ریسلر ونیش پھوگاٹ کو فائنل مقابلہ سے عین قبل نااہل قرار دے دیا گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان کے لاکھوں مداحوں کو آج پیرس اولمپکس میں ملک کےلئے گولڈ میڈل ملنے کی امید تھی۔ فائنل مقابلہ سے عین قبل پہلوان ونیش پھوگاٹ کے ساتھ ایک بڑا المیہ ہوا ہے انہیں اولمپکس میں کشتی کے فائنل مقابلہ سے عین قبل وزن میں اضافہ کے سبب نااہل قرار دیدیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا وزن صرف 100 گرام زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دیا گیا۔ ونیش پھوگٹ نے گزشتہ روز 50 کلوگرام ریسلنگ کیٹیگری میں فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا تاہم آج وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا۔

ونیش پھوگٹ عام طور پر 53 کیلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیتی تھیں لیکن پیرس اولمپکس کے لیے انہوں نے اپنا وزن کم کرکے 50 کلو تک کرلیا تھا۔

ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی دستے کو 50 کلوگرام خواتین کی کشتی کے زمرے سے ونیش پھوگاٹ کی نااہلی کی خبر شیئر کرنے پر افسوس ہے۔ ٹیم نے رات بھر بھرپور کوشش کی۔ اس کے باوجود آج صبح اس کا وزن 50 کلو گرام سے چند گرام زیادہ تھا۔ ٹیم اس وقت مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم آپ سے درخواست کرتی ہے کہ ونیش کی رازداری کا احترام کریں۔ وہ آنے والے مقابلوں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں