حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان کے نیرج چوپڑا انفرادی کھیلوں میں دو اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ملک کے پہلے ایتھلیٹ بننے سے محروم رہ گئے۔ ٹوکیو چیمپئن نے پیرس اولمپکس میں مردوں کے جیولن فائنل میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ وہیں پاکستان کے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل پر اپنا قبضہ جمالیا۔ نیرج چوپڑا، پیرس اولمپکس 2024 میں سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ نیرج چوپڑا کو گولڈ میڈل جیتنے کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا تھا لیکن پاکستان کے ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر اولمپک ریکارڈ توڑ کر پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
https://x.com/narendramodi/status/1821637174871388231
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں نیرج چوپڑا کو سلور میڈل ملا۔ 2024 کے اولمپکس میں یہ ہندوستان کا پانچواں تمغہ ہے، قبل ازیں ہندوستان کے کھلاڑیوں نے 4 کانسے کے تمغے جیتے تھے۔ نیرج چوپڑا نے اولمپک کھیلوں میں اب تک کا سب سے بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ کو 89.45m تک پھینکا۔ اسی طرح گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں 92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا۔ پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل ملا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔