(ایجنسیز) افغانستان میں طالبان حکومت نے ہدایات کے باوجود داڑھی نہ رکھنے پر 280 سے زیادہ سیکیورٹی اہلکاروں کو برطرف کردیا۔ طالبان نے جب افغانستان میں اقتدار سنبھالا تو اس وقت بغیر داڑھی والے سرکاری ملازمین کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ طالبان نے سرکاری ملازمین کے لیے جاری کی گئی ہدایات میں کہا تھا کہ اب تمام سرکاری ملازمین اس بات کے پابند ہیں کہ وہ داڑھی نہیں منڈوا سکتے اور مقامی لباس پہننا ان کے لیے لازمی ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان حکومت کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے داڑھی نہ رکھنے پر 280 سے زیادہ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو برطرف کردیا ہے۔
وہیں وزارت منصوبہ بندی اور قانون سازی کے ڈائریکٹر محب اللہ نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران 13 ہزار ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جو غیراخلاقی حرکات کرتے ہوئے پائے گئے۔ ایک سال کے دوران 21 ہزار سے زیادہ موسیقی کے آلات توڑے گئے، جبکہ مارکیٹوں میں غیراخلاقی فلمیں فروخت کرنے والے کمپیوٹر آپریٹرز کو بھی روکا گیا جو ہزاروں میں تھے۔