حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نانا بننے کے بعد ایکس پر مسرت و خوشی کا اظہار کیا۔ شاہد آفریدی کے داماد اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔
شاہد آفریدی نے اس موقعے پر تہنیتی پیغامات بھیجنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر ٹوئٹ کیا کہ ’دنیائے کرکٹ کے کم عمر ترین نانا بننے پر آپ تمام احباب کے محبتوں بھرے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ ہماری خوشیوں میں شامل ہونے پر میں اور میری فیملی آپ سب لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ کہ 47 برس کی عمر میں نانا بننے والے شاہد آفریدی یکم مارچ 1977 کو پیدا ہوئے تھے۔ وہیں 6 اپریل 2000 کو پیدا ہونے والے 24 سالہ شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے