تلنگانہ، بی جے پی کےلیے کتنا اہم ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات تک ہر ماہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ریاست کا دو مرتبہ دورہ کریں گے۔
آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی اب بی جے پی کی انا کا مسئلہ بن گیا ہے۔ ریاست میں اقتدار کا خواب سجائے بی جے پی کے رہنما کمربستہ ہوچکے ہیں۔ کچھ روز قبل حیدرآباد میں بی جے پی کا قومی اجلاس منعقد ہوا تھا جبکہ اس دوران پارٹی نے عوامی رائے کو بی جے پی کے حق میں ہموار کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
اطلاعات کے مطابق بی جے پی میں نمبر دو کے قدآور رہنما امت شاہ، تلنگانہ کا ہر ماہ دو مرتبہ دورہ کرکے یہاں کی سیاسی صورتحال کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے اور پارٹی کو ریاست میں مضبوط کرنے کےلیے زمینی سطح پر کام کریں گے۔ اس طرح کا شیڈول اسمبلی انتخابات تک جاری رہے گی۔
یہ بھی قیاس کیا جارہا ہے کہ اس ماہ کے اواخر تک امت شاہ تلنگانہ کا دورہ کرسکتے ہیں تاہم کچھ روز قبل ہی انہوں نے حیدرآباد میں منعد ہوئے پارٹی کے پروگرام میں شرکت کی تھی۔ اس ماہ کے اواخر میں ان کا ممکنہ دورہ جولائی ماہ میں دوسرا دورہ ہوگا۔ اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ ماہ ورنگل میں منعقدہ بی جے پی کے جلسہ میں شرکت کریں گے۔