(ایجنسیز) ترکیہ کے صدر رجب طیب أردوغان نے اسرائیل کی کارروائیوں کو توسیع پسندانہ خطرات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف ایک اتحاد تشکیل دینا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق استنبول میں اسلامک اسکولز ایسوسی ایشن میں ایک تقریب سے خطاب میں صدر رجب طیب أردوغان نے کہا کہ اسرائیل کے تکبر، غنڈہ گردی اور اسرائیلی دہشت گردی کو صرف ایک اقدام اسلامی ممالک کے اتحاد سے روکا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے مصر اور شام کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے حالیہ اقدامات کا مقصد اس طرح کے توسیع پسندانہ خطرات کے خلاف اتحاد ہے۔ ترک صدر نے اسرائیل کو لبنان اور شام کے لیے بھی خطرہ قرار دیا۔ انادولو کی رپورٹ کے مطابق طیب اردوان نے یہ بیان فلسطین کے مغربی کنارے میں احتجاج کے دوران اسرائیل فورسز کی فائرنگ سے ترک نژاد امریکی شہری لڑکی آئیسنور ایزگی ایگی کی شہادت کے بعد دیا۔
ترک صدر نے کہا کہ تمام مسلمان ممالک کو اسرائیل کے غیراعلانیہ قبضہ کے خلاف ایک مؤقف اپنانا چاہیے۔