اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، تہران’ شیراز اور کرج میں دھماکے، فوجیوں کے جاں بحق ہونے کی تہران نے تصدیق کردی

(ایجنسیز) ایرانی میڈیا کے مطابق فوج نے تصدیق کی ہےکہ ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل نے عسکری سائٹس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو ایرانی فوجی جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسرائیلی حملوں کے چند گھنٹے بعد ایرانی فوج کی جانب سے مختصر بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے حملوں کے بعد اپنی سرزمین کا دفاع کرنے والے دو فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سمیت شیراز اور کرج شہر میں فضائی حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی حملوں کے جواب میں کارروائی مکمل کرلی ہے، ایران میں طے شدہ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور اسرائیل کو درپیش فوری خطرات کو دور کیا گیا۔ ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے ان حملوں کے جواب میں حملے کیے تو جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی حملوں پر ایرانی ائیر ڈیفنس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے تہران، خوزستان اور ایلام میں کئی فوجی مقامات پر حملے کیے، اسرائیل کے حملے فضائی دفاعی نظام کے ذریعہ کامیابی سے ناکام بنائے گئے، صیہونی جارحیت کے نتیجے میں کئی مقامات پر محدود پیمانے پر نقصانات ہوئے۔ ایران کی جانب سے اسرائیلی میزائل حملے ناکام بنانےکی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے یکم اکتوبر کے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کے جواب میں آج علی الصبح ایرانی دارالحکومت تہران، شیراز اور کرج پر فضائی حملہ کئے۔ اسرائیل کی ڈیفینس فورسز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے ’مہینوں سے جاری حملوں‘ کے جواب میں ایسا کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں