حیدرآباد (دکن فائلز) وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج جھارکھنڈ میں بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے ریاست میں یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے اور بنگلہ دیشی دراندازوں کو باہر نکالنے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جھارکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کرنے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبائلی طبقہ کو دور رکھاجائے گا۔ یو سی سی سے قبائلی طبقہ کو مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ قبائلی برادری کو مجوزہ ضابطہ کے دائرہ کار سے باہر رکھا جائے گا۔
امیت شاہ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہیمنت بابو، جھارکھنڈ میں یکساں سول کوڈ ضرور لاگو ہوگا، لیکن قبائلی برادریوں کی شناخت، ثقافت اور وراثت کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ جھارکھنڈ میں یکساں سول کوڈ تو نافذ کیا جائے گا، لیکن قبائلی طبقہ کو اس کے اندر شامل نہیں کیا جائے گا، انہیں UCC کے دائرہ کار سے باہر رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ کے بیان پر ملک بھر میں تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اور سوال کیا جارہا ہے کہ اگر قبائلیوں و دیگر طبقات کو اس میں شامل نہیں کیا جائے گا اور ان کےلئے الگ قانون ہوگا تو پھر یکساں سیول کوڈ کا کیا معنیٰ و مطلب ہوگا۔ ملک کے سیکولر عوام کا خیال ہے کہ ،یکساں سیول کوڈ صرف مسلمانوں کو ڈرانے، ان کے مذہبی امور میں دخل اندازی کرنے، ان کی تہذیب و ثقافت کو مٹانے کی سازش کا حصہ ہے‘۔