حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد پولیس نے سندھیا تھیٹر کے قریب بھگدڑ کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ چکڑپلی پولس نے اللو ارجن کی ٹیم کے خلاف بی این ایس ایکٹ کی دفعہ 105 اور 118 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جبکہ سندھیا تھیٹر انتظامیہ کے خلاف بھی پشپا 2 کے پریمیئر شو کے دوران جب اللو ارجن سندھیا تھیٹر میں آئے تو حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے اللو ارجن کی ٹیم کے خلاف بھی پریمیئر شو کے لیے ہیرو اللو ارجن کی آمد کے بارے میں پولیس کو اطلاع نہ دے کر غیر ذمہ دارانہ حرکت کرنے کی پاداش میں مقدمہ درج کرلیا۔
سنٹرل زون ڈی سی پی اکشانش یادو نے بتایا کہ چہارشنبہ کی 9.40 بجے آر ٹی سی کراس روڈ پر واقع سندھیا تھیٹر میں پشپا-2 کے پریمیئر شو کے لیے بڑی تعداد میں مداحوں کی بھیڑ جمع ہوئی اور فلم کے اداکار بھی تھیٹر پہنچ گئے، جبکہ پولیس کو اس سلسلہ میں کوئی پہلے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ اس معاملے میں تھیٹر انتظامیہ نے غفلت برتی جس کی وجہ سے شائقین کو کنٹرول کرنے کے لیے تھیٹر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی کا انتظام نہیں کیا گیا تھا۔
جب اللو ارجن آئے تو سیکورٹی اہلکاروں نے بھیڑ کو قابو کرنے کے لیے دھکا دیا اور پھر بھگدڑ مچ گئی۔ دلسکھ نگر کی رہنے والی ریوتی کا خاندان بھگدڑ میں پھنس گیا۔ مداحوں کی بڑی تعداد کے باعث بھیڑ میں دم گھٹنے سے خاتون کی موت ہوگئی۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے کاروائی کی اور خاتون کے بیٹے کو بچالیا اور درگا بائی دیشمکھ اسپتال منتقل کیا۔ مہلوک خاتون کے اہل خانہ کی شکایت کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
دوسری طرف ہائی کورٹ کے وکلاء نے اللو ارجن، ہدایت کار سوکمار، پروڈیوسروں اور سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ کے خلاف سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے واقعہ کو لے کر چکڑپلی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ ٹی پی سی سی لیگل سیل کے چیئرمین تروپتی ورما نے مطالبہ کیا کہ بھگدڑ میں ہلاک ہونے والی ریوتی کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔