حیدرآباد (دکن فائلز) مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز و انتہائی متنازعہ بیان دینے کے بعد جسٹس یادو کٹر ہندتوا بھکتوں کے آنکھوں کے تارے ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شیکھر کمار یادو 22 جنوری کو رام مندر تحریک پر منعقد ایک پروگرام سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ جسٹس شیکھر یادو نے گذشتہ سال 8 دسمبر کو وی ایچ پی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف انتہائی نفرت انگیز بیان دیا تھا۔ انہوں نے مسلمانوں کےلئے ’کٹھ ملا‘ جیسے متنازعہ الفاظ استعمال کئے تھے۔ ان کے بیان پر بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا گیا اور سپریم کورٹ کی جانب سے بھی ان کے خلاف کاروائی کی بات کی گئی۔
ایسا لگتا ہے کہ ان سب کے باوجود جسٹس یادو اپنی ہندوتوا سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 جنوری 2025 کو مہاکمبھ میلہ میں ’رام مندر تحریک اور گئو رکشا‘ کے عنوان پر ایک پروگرام منعقد ہوگا جس میں کئی ہندوتوا لیڈرز اور جسٹس یادو خطاب کریں گے۔