حیدرآباد (دکن فائلز) وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج بتایا کہ یوکرین کے ساتھ جاری جنگ میں روس کی جانب سے لڑنے والے 16 ہندوستانی شہری لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق یوکرین جنگ میں روس کی طرف سے 126 ہندوستانی شہری نے حصہ لیا تھا، تاہم بعد میں 96 افراد فوج سے نکل گئے، فوج سے فارغ ہونے کے بعد کچھ ہندوستانی وطن واپس آگئے ہیں۔
رندھیر جیسوال نے مزید بتایا کہ جنگ میں اب تک 12 ہندوستانی شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جو لوگ ابھی بھی روس میں رہ گئے ہیں ان کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ کل 126 میں سے 12 ہندوستانی شہری، جنہیں روس میں آباد ہونے کا گمراہ کن وعدہ کرکے یوکرین میں روسی فوجیوں کےلئے لڑنے کےلئے تیار کیا گیا تھا، ہلاک ہوگئے اور 16 شہری لاپتہ ہیں۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ہم اس وقت روس میں پھنسے اور جنگ میں لڑنے والے تمام ہندوستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے روسی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔