حیدرآباد میں اندرون 24 گھنٹے آگ لگنے کے 4 واقعات

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد شہر میں اندرون 24 گھنٹے آتشزدگی کے چار واقعات سے سنسنی پھیل گئی۔ جمعرات کی رات سے جمعہ کی دوپہر تک حیدرآباد شہر میں تین مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ کل رات مادھا پور میں، جمعہ کو فلک نما، نظام پیٹ اور گڈی ملکاپور میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔

تفصیلات کے مطابق فلک نما روڈ پر واقع ایک عمارت میں جمعہ زبردست آگ بھڑک اٹھی، اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پیٹرول پمپ کے قریب واقع گلیڈی ایٹر جم کی بلڈنگ میں واقع ایک دکان میں آگ بھڑک اٹھی۔ فائر انجن نے فوری طور پر آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعہ میں ایک سٹوڈیو مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اس دوران ٹریفک بھی جام رہی۔

اسی طرح عطاپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں گڈی ملکاپور میں واقع ایک لکڑی کے گودام میں زبردست آگ لگ گئی۔ حادثہ پی وی ایکسپریس وے پلر نمبر 111 کے قریب پیش آیا۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ مقامی لوگوں کی جانب سے شیڈ میں موجود گیس سلنڈروں کو فوری طور پر باہر لانے سے ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔

جمعرات کی رات مادھا پور میں ایک آٹو موبائل شو روم میں آگ لگ گئی۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ شوروم میں موجود 15 کاروں میں سے کچھ کاریں مکمل طور پر جل گئیں۔

وہیں نظام پیٹ میں آج صبح ایک ٹفن سینٹر میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پولیس کا خیال ہے کہ آگ ایل پی جی سلنڈر لیک ہونے کی وجہ سے لگی۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت ہوٹل میں صرف چند لوگ ہی تھے۔ متعلقہ پولیس نے تمام معاملات میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں