حیدرآباد (دکن فائلز ؍ ویب ڈیسک) آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرکے چند اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیے۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈبل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ عثمان خواجہ پہلے آسٹریلوی بلے باز ہیں جنہوں نے سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری بنائی۔ اڑتیس سالہ آسٹریلوی اوپنر نے 290 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ڈبل سنچری اسکور کی۔
اسی طرح عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیو اسمتھ کی جوڑی نے ٹیسٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 46 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔ سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوران عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 266 رنز بنائے جو ایشیا کے میدانوں میں سب سے بڑا اسکور ہے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں عثمان خواجہ کے 121 رنز اور اسٹیو اسمتھ کے 141 رنز شامل تھے۔