بڑی خبر: اب گجرات میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کی تیاری، حکومت نے پانچ رکنی کمیٹی بناڈالی

حیدرآباد (دکن فائلز) اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے بعد اب گجرات میں بھی یو سی سی کو نافذ کرنے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ گجرات حکومت نے ریاست میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ کی سابق خاتون جج رنجنا دیسائی ہیں۔ گجرات کابینہ کے اجلاس میں بھی اسے منظوری دے دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپندر پٹیل نے آج یو سی سی کا مسودہ تیار کرنے اور قانون بنانے کے لیے پانچ رکنی پینل تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ’سپریم کورٹ کی ریٹائرڈ خاتون جج رنجنا دیسائی کی صدارت میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی 45 دنوں میں حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کریگی‘۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر آگے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجرات حکومت نے یہ تاریخی فیصلہ لیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ 27 جنوری کو اتراکھنڈ میں یو سی سی نافذ کیا گیا، جبکہ ملک بھر کے مسلمانوں نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کے متنازعہ فیصلوں کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ یو سی سی کے نفاذ کے بعد شادی، طلاق، بچوں کو گود لینے، جائیداد کی تقسیم و دیگر معاملات میں ایک ہی قانون رہتا ہے، مسلمان، پرسنل لا کے مطابق زندگی گذار نہیں سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں