حیدرآباد (دکن فائلز ؍ ویب ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تحت ہندوستان اور پاکستان کے دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے ٹکٹس کی ریکارڈ فروخت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاست اور کھیل کی دنیا کے روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کا میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں 23 فروری کو ہوگا، جس کو دیکھنے کےلئے شائقین کی غیرمعمولی دلچسپی سامنے آئی ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کےلئے فروخت ہوئے ٹکٹس کی مالیت 45.6 ملین درہم بتائی جارہی ہے۔ اس میچ کے لئے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو درہم سے ساڑھے بارہ ہزار درہم تک رکھی گئی تھی۔ دبئی اسٹیڈیم میں پچیس ہزار شائقین کی گنجائش ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے دیگر میچزکے ٹکٹس کی بھی حیران کن فروخت ہوئی ہے اور دبئی میں تمام میچزکےٹکٹ 88.55 ملین درہم میں فروخت ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سیریز کا آغاز 19 فروری سے ہوگا جس میں ہندوستان، پاکستان، آسٹریلیا، افغانستان، انگلینڈ، بنگلہ دیش، ساؤتھ افریقہ اور نیوزیلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔