حیدرآباد (دکن فائلز) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ہندوستان نے پاکستان کے 128 رنز کا ہدف بآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ٹیم انڈیا کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ 47 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
اوپنر بلے باز ابھیشک شرما اور تلک ورما 31،31 جب کہ شبمن گل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تینوں بیٹرز کی وکٹیں صائم ایوب نے حاصل کیں۔
اس سے قبل، پاکستان نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاک ٹیم کی بیٹنگ لائن پہلی گیند سے ہی مشکلات کا شکار رہی، وقتا فوقتا بیٹرز کے آؤٹ ہونےکے باعث پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان ٹیم کی پہلی وکٹ میچ کی پہلی گیند پر ہی گر گئی، جس میں اوپنر بلے باز صائم ایوب کو بغیر کھاتہ کھولے واپس پویلین لوٹنا پڑا، محمد حارث اگلے ہی اوور میں 3 رنز بناکر جسپریت بمراہ کا شکار بنے۔


