انگولا سے گلابی رنگ کا ایک نایاب ہیرا دریافت ہوا ہے جسے گذشتہ 3 صدیوں میں دریافت ہونے والا سب سے بڑا گلابی ہیرا تصور کیا جا رہا ہے۔
انگولا کی لولو مائن سے دریافت ہونے والے 170 قیراط کے اس خوبصورت اور نایاب ہیرے کا وزن 34 گرام ہے اور اسے دریافت کے مقام کی نسبت سے “لولو روز” کا نام دیا گیا ہے۔
لولو روز ہیرے کی قسم ٹائپ 2 اے بتائی جا رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ اس میں کثافت نہ ہونے کے برابر ہے یا بلکل ہی موجود نہیں ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے قبل دریافت ہونے والے ہیروں میں سب سے بڑا ہیرا 185 قیراط کا “دریائے نور” تھا جو کہ ہندستان کی کان سے دریافت ہوا اور ایرانی تاج کی زینت بنا تھا۔
لولو روز جیسے ہیروں میں سے ایک پنک اسٹار نامی نایاب ہیرا 2017 میں ہانگ کانگ کی ایک نیلامی کے دوران 71.2 ملین (7 کروڑ 12 لاکھ) ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔
اب تک کسی بھی رنگ کا سب سے بڑا ہیرا کلینن (Cullinan) 1905 میں سائوتھ افریقا کی کان سے دریافت ہوا تھا
3107 قیراط کے تقریباً نصف کلوگرام وزنی کلینن ہیرے کو بعد ازاں 105 مختلف ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا اور کلینن-1 دنیا کے سب سے بڑے کلیئر کٹ ہیرے کے طور پر برطانوی شاہی تاج کی زینت بنا۔