حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے نامور عالمِ دین اور دیورکنڈہ کے علمی و دینی رہنما مفتی جاوید حسین قاسمی رحمہ اللہ انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر پورے خطے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مفتی جاوید حسین قاسمی ضلع نلگنڈہ کے بزرگ علما میں شمار کیے جاتے تھے اور مساجد کی تعمیر، دینی خدمات اور روحانی رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کرتے تھے۔
جمعیت علما تلنگانہ و آندھرا کے جنرل سیکریٹری مفتی محمود زبیر قاسمی نے انہیں نہایت سادہ مزاج، متواضع، ملنسار اور درد مند عالمِ دین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب کے ساتھ دیرینہ تعلقات اور کئی اسفار کی یادیں آج بے حد رنج کا سبب ہیں۔ ان کے مطابق ایسے باوقار اور مخلص علماء اب بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔
جمعیت علما تلنگانہ و آندھرا کے صدر مفتی غیاث الدین رحمانی مدظلہ نے بھی مفتی جاوید قاسمی کے انتقال کو امتِ مسلمہ کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔
جمعیت علما کے تمام ذمہ داران نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام ملنے کی دعائیں بھی کی گئیں۔



