آندھرا پردیش کے انکاپلے ضلع میں واقع کیمیکل فیکٹری سے گیس کے اخراج کے بعد ملبوسات کی فرم میں کام کرنے والی تقریباً ایک سو خواتین ورکرز کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہستپال منتقل کیا گیا۔
اچھوت پورم کے علاقے میں اسپیشل اکنامک زون (SEZ) میں واقع سیڈز اپیرل انڈیا میں کام کرنے والے ورکرز ، گیس کے اخراج سے متاثر ہوئے۔ متاثرہ خواتین نے قے، متلی اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ متاثرہ خواتین میں کچھ کی حالب مزید بگڑ گئی اور بے ہوش ہوگئیں۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً 50 خواتین کو ایمبولینس کے ذریعہ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دیگر متاثرہ خواتین کو فیکٹری کے احاطہ میں ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ سیڈز اپیرل انڈیا، جو صرف خواتین کو ہی ملازمت دیتی ہے، برانڈکس کا کیمپس ایک ہزار ایکڑ پر واقع ہے جو کمیکل فیکٹری پورس لیبز کے قریب واقع ہے۔
صنعت کے وزیر جی امرناتھ نے حادثہ کے بعد ضلع کلکٹر سے فون پر بات کی اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ افراد کو بہترین علاج فراہم کریں۔ دو ماہ میں ایک ہی کمپنی سے گیس کے اخراج کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ 3 جولائی کو ہوئے حادثہ میں 200 سے زائد خواتین ملازمین متاثر ہوئی تھیں، جس کے بعد سیڈز اپیرل اور پورس لیبز کو ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا گیا تھا اور حکومت نے تحقیقات کا حکم بھی دیا تھا۔