آندھرا پردیش میں خوفناک بس حادثہ، 9 افراد ہلاک

حیدرآباد (دکن فائلز) آندھرا پردیش کے آلوری سیتاراما راجو ضلع میں جمعہ کی صبح پیش آنے والے دلخراش حادثے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 22 سے زائد زخمی ہو گئے، جب عقیدت مندوں سے بھری ایک نجی بس شدید دھند کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی۔ حادثہ چنٹور–ماریدوملی گھاٹ روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب 37 مسافروں پر مشتمل بس، بھدرچلم اور اننوارم، کیلئے جا رہی تھی۔

پولیس کے مطابق بس نے صبح تقریباً 4:30 بجے بھدرچلم کی مندر کی یاترا مکمل کرنے کے بعد واپسی کے دوران ایک تیز موڑ پر قابو کھو دیا اور وادی کے کنارے جا کر الٹ گئی۔ خوش قسمتی سے بس مکمل طور پر کھائی میں نہیں گری۔ ابتدائی طور پر 35 مسافروں کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بعد میں پولیس نے بتایا کہ بس میں 37 افراد سوار تھے، جن میں سے 6 لوگ محفوظ رہے۔

چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی چنٹور پولیس، فائر سروسز اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ گھاٹ روڈ پر ٹریفک طویل وقت تک متاثر رہا۔ ضلع کلکٹر دینیش کمار کے مطابق زخمیوں کو چنٹور اور بھدرچلم اسپتالوں منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے 50 ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے واقعے کو “انتہائی دل خراش” قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر لوکیش اور وزیر داخلہ انیتا کے علاوہ دیگر حکام نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ریسکیو و ریلیف اقدامات کی نگرانی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں