بڑی خبر: آسٹریلیا کے مشہور بونڈی بیچ پر اندھا دھند فائرنگ، 10 افراد ہلاک، ایک حملہ آور مارا گیا، یہودیوں کو نشانہ بنایا گی

احیدرآباد (دکن فائلز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع دنیا کے مشہور ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہونے والے بونڈی بیچ پر اتوار کی شام خوفناک فائرنگ کے واقعہ نے پورے شہر کو دہلا کر رکھ دیا۔ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6:30 بجے اس وقت اچانک گولیاں چلنا شروع ہوئیں جب سینکڑوں سیاح اور مقامی افراد ساحلِ سمندر پر تفریح میں مصروف تھے۔ اس دل دہلا دینے والے حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 10 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق سیاہ لباس اور نقاب پہنے دو مسلح افراد ساحل کے قریب واقع سرف کلب کے پاس پیدل چلنے والوں کے پل پر چڑھ گئے اور ڈبل بیرل شاٹ گنز سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آوروں نے بیچ پر جاری ایک تقریب کو نشانہ بنایا۔ اچانک فائرنگ سے بیچ پر افراتفری مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔

نیو ساؤتھ ویلز (NSW) پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے عوام کو فوری طور پر علاقے سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت دی۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ایک مشتبہ حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ آپریشن تاحال جاری ہے اور عوام پولیس ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

واقعہ کے بعد ایمرجنسی سروسز فوری طور پر متحرک ہو گئیں۔ 30 سے زائد ایمبولینسیں، ہیلی کاپٹرز، خصوصی آپریشن یونٹس اور طبی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ این ایس ڈبلیو ایمبولینس سروس کے مطابق متعدد زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی، جبکہ کم از کم چھ افراد کو مختلف اسپتالوں، سینٹ ونسنٹ، رائل پرنس الفریڈ اور سینٹ جارج منتقل کیا گیا۔

عینی شاہدین نے مناظر کو انتہائی خوفناک قرار دیا۔ ایک مقامی رہائشی اور سابق صحافی الزبتھ میلی نے آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ABC) کو بتایا کہ وہ آئس برگس ریسٹورنٹ میں موجود تھیں جب گولیوں کی آوازیں سنائی دیں۔ انہوں نے کہاکہ “پہلے ہمیں لگا کہ شاید آتش بازی ہو رہی ہے، لیکن جلد ہی اندازہ ہو گیا کہ یہ کچھ بہت زیادہ خوفناک ہے۔ لوگ بیچ پر چیختے چلاتے دوڑنے لگے، ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا۔”

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں سیاہ لباس میں ملبوس دو مسلح افراد کو پل پر کھڑے ہو کر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ بعد کی فوٹیج میں زمین پر زخمی افراد اور ہر طرف بکھرے کارتوس دکھائی دے رہے ہیں۔ بعض مناظر میں پولیس اہلکاروں کو مشتبہ افراد کو قابو میں کرتے بھی دیکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ حملہ یہودیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا جس میں 10 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ واضح رہے کہ بونڈی بیچ آسٹریلیا کا سب سے مشہور ساحلِ سمندر ہے، جہاں اختتامِ ہفتہ پر ہزاروں سیاح، سرفرز اور مقامی افراد آتے ہیں۔ اس ہولناک واقعے نے نہ صرف سڈنی بلکہ پورے ملک میں خوف و صدمے کی لہر دوڑا دی ہے۔ پولیس واقعے کی وجوہات اور پسِ پردہ محرکات کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں