راشن کارڈ رکھنے والوں کےلئے اہم اطلاع: فوری یہ کام کریں ورنہ راشن نہیں دیا جائے گ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ محکمۂ سِول سپلائیز نے راشن کارڈ رکھنے والوں کے لیے سخت وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ تمام راشن کارڈ ہولڈرز کے لیے ای-کے وائی سی (e-KYC) مکمل کرنا لازمی ہے، بصورت دیگر راشن کوٹہ معطل کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق، راشن کارڈ میں درج تمام افراد کو قریبی راشن دکان پر جا کر ای-پاس مشین کے ذریعہ بایومیٹرک فنگر پرنٹس درج کرانے ہوں گے۔ اگر کسی بھی فرد کی ای-کے وائی سی مکمل نہیں ہوئی تو اس خاندان کو راشن فراہم نہیں کیا جائے گا۔

اگرچہ یہ عمل گزشتہ دو برسوں سے جاری ہے، مگر اب بھی بڑی تعداد میں صارفین نے ای-کے وائی سی مکمل نہیں کرائی۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ نے اعلان کیا ہے کہ 31 دسمبر تک باقی تمام راشن کارڈ ہولڈرز ای-کے وائی سی مکمل کر لیں، ورنہ ان کا راشن کوٹہ بند کر دیا جائے گا۔

اس اعلان کے بعد راشن ڈیلروں اور صارفین دونوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ کئی صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ آخری تاریخ میں توسیع کی جائے، کیونکہ بعض افراد کے فنگر پرنٹس ای-پاس مشین میں رجسٹر نہیں ہو پا رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بائیو میٹرک ناکام ہو تو اس میں صارف کا کیا قصور ہے۔

دوسری جانب، حال ہی میں منظور کیے گئے نئے راشن کارڈ رکھنے والے افراد نے شکایت کی ہے کہ انہیں ابھی تک حکومتی فلاحی اسکیموں کا فائدہ نہیں مل رہا۔ پرانے راشن کارڈ ہولڈرز کو مفت چاول کے علاوہ گیس پر سبسیڈی اور مفت بجلی جیسی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ نئے کارڈ ہولڈرز ان اسکیموں سے محروم ہیں۔

نئے راشن کارڈ رکھنے والوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بھی پرانے صارفین کی طرح تمام فلاحی اسکیموں کا فائدہ دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں