حیدرآباد (دکن فائلز) بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (BCCI) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اور اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے 15 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ شوبھمن گل کو ناقص کارکردگی کے باعث ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں محمد سراج، محمد شامی و دیگر اہم کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے پر سلیکٹرز پر تنقیدیں کی جارہی ہیں۔
اس فیصلے کے بعد یہ تقریباً طے ہو گیا ہے کہ سنجو سیمسن ورلڈ کپ میں ہندوستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کریں گے۔ سیمسن کے ساتھ ایشن کشن کو دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے سید مشتاق علی ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
اکشر پٹیل کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کپتانی کی ذمہ داری بدستور سوریا کمار یادیو کے پاس رہے گی۔ بیٹنگ لائن اپ میں ابھیشیک شرما، تلک ورما اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔ رنکو سنگھ نے ایک بار پھر خود کو ایک قابلِ اعتماد فنشر کے طور پر ثابت کیا ہے۔
آل راؤنڈرز میں ہاردک پانڈیا، شیوَم دوبے، واشنگٹن سندر اور اکشر پٹیل شامل ہیں۔ فاسٹ بولنگ کی کمان جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ کے ہاتھوں میں ہوگی، جن کا ساتھ ہرشیت رانا دیں گے۔ اسپن کےلئے کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی کو موقع دیا گیا ہے۔
ہندوستان 7 فروری کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں امریکہ کے خلاف اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ 14 فروری کو پاکستان کے خلاف بڑا مقابلہ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
ٹیم انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ 2026:
سوریا کمار یادیو (کپتان)، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوَم دوبے، اکشر پٹیل (نائب کپتان)، رنکو سنگھ، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ورون چکرورتی، واشنگٹن سندر، ایشان کشن۔


