ممتاز عالمِ دین مولانا مفتی محمد شفیع الدین نقشبندی کا انتقال

حیدرآباد (دکن فائلز) شہرۂ آفاق جامعہ نظامیہ کے قابلِ فخر سپوت، ممتاز عالمِ دین مولانا مفتی محمد شفیع الدین نقشبندی مجددی قادری مولوی کامل الحدیث والفقہ جامعہ نظامیہ، ولد حضرت محمد عبدالقادر صاحبؒ، مریدِ خاص حضرت مولانا الحاج سید خلیل اللہ شاہ نقشبندی مجددی قادریؒ اور جانشینِ اعظم ابوالحسنات حضرت الحاج سید عبداللہ شاہ صاحب نقشبندی مجددی قادری محدثِ دکنؒ، کا آج بروز ہفتہ 24 جنوری کو بعمر 53 سال حرکتِ قلب بند ہو جانے کے باعث اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

تفصیلات کے مطابق مرحوم کو قیامگاہ پر شدید سینے میں درد کی شکایت ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر ہسپتا منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور دوپہر کے وقت داعیٔ اجل کو لبیک کہہ دیا۔

مرحوم نہایت ملنسار، مخلص، متقی اور علمی و روحانی اوصاف کے حامل تھے۔ دینی و تدریسی خدمات کے ساتھ ساتھ وہ جامعہ نظامیہ کے ممتاز علماء میں شمار کیے جاتے تھے۔ ان کے اچانک انتقال سے علمی و روحانی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار صاحبزادیاں اور برادرِ خورد مولانا مفتی محمد معین الدین نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ شامل ہیں۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ 25 جنوری بروز اتوار، صبح 10 بجے کرناٹک کے ہوسپیٹ میں ادا کی جائے گی، تدفین ہوسپیٹ قدیم قبرستان میں عمل میں آئے گی۔

اچانک انتقال پر مفکرِ اسلام مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ جامعہ نظامیہ، مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ، مفتی ڈاکٹر سید شاہ صغیر احمد نقشبندی شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ، مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری بانی مدرسہ عربیہ انوارالعلوم، مولانا محمد محی الدین قادری مولوی کامل الحدیث و خازن کل ہند انجمن طلبۂ قدیم جامعہ نظامیہ، مفتیٔ کرناٹک حضرت مولانا مفتی الحاج سید شاہ صادق انواری اشرفی مولوی کامل جامعہ نظامیہ و لیکچرار نورالنبی ﷺ کالج، اور مولانا محمد محسن پاشاہ قادری مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر سمیت دیگر علماء و مشائخ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

علماء نے کہا کہ مرحوم اپنی علمی عظمت، اخلاقِ حسنہ اور خلوص کے باعث ہر دل عزیز تھے۔ دعا ہے کہ اللہ جل مجدہ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

مزید تفصیلات کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: 9538746563، 8197862025

اپنا تبصرہ بھیجیں