راجستھان میں مسلم بزرگ شخص پر وحشیانہ تشدد، درندہ صفت ملزم گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) راجستھان کے ضلع باڑمیر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 50 سالہ مسلم بزرگ کو درندہ صفت و شدت پسند نوجوان نے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس واقعہ کی 36 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو چہارشنبہ کے روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ 31 جنوری کو گدرا روڈ تھانہ علاقہ کے تحت ہمی پورہ گاؤں میں پیش آیا۔ متاثرہ بزرگ شخص کی شناخت شیرو خان کے طور پر ہوئی ہے جو گدرا روڈ کے رہنے والے ہیں۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ شیرو خان بکریوں کے سلسلے میں بھنور پوری ولد شیو پوری کے گھر گئے تھے، جہاں بکریوں کی تعداد کو لے کر تنازع ہوا، جس کے بعد درندہ صفت ملزم نے ان پر حملہ کر دیا۔

وائرل ویڈیو میں صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان بزرگ کو زمین پر گرا کر جوتوں اور لاتوں سے مسلسل مارتا ہے، گالیاں دیتا ہے اور ’’گھر سے نکل جاؤ‘‘ کہہ کر انہیں ذلیل و خوار کرتا ہے۔ ایک موقع پر بزرگ کو پانی پیتے ہوئے بھی لات ماری جاتی ہے، جبکہ وہ بار بار رحم کی اپیل کرتے نظر آتے ہیں۔ واقعہ کے وقت دو دیگر افراد بھی موقع پر موجود تھے، جن میں سے ایک ویڈیو بناتا رہا اور دوسرا خاموش تماشائی بنا رہا۔ ایک شخص بعد میں بزرگ کے پیچھے بھاگتا بھی دکھائی دیتا ہے۔

تشدد کے بعد شیرو خان نے گدرا روڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ اسٹیشن ہاؤس آفیسر مکندن نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم بھنور پوری کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں