دلہن نے شادی میں پسند کا مینیو نہ رکھنے پر شادی منسوخ کردی۔
امریکی سماجی رابطوں اور مباحثوں کی ویب سائٹ ریڈٹ پر وائرل ہونے والی پوسٹ میں دلہن نے اپنا تجربہ بیان کیا۔
دلہن کا کہنا تھا کہ ’’شادی کے دیگر تمام معاملات اور منصوبہ بندی میں ہم ایک دوسرے سے متفق تھے۔
یہ جانتے ہوئے کہ میں اور میرے گھر والے نبات خور ہیں اس کے باوجود لڑکے والے شادی کے مینیو میں چند سبزیوں سے تیار کردہ کھانے رکھنے پر آمادہ نہیں تھے۔
دلہن کا مزید کہنا تھا کہ میرا منگیتر اور اس کے گھر والے بالکل مختلف تھے، وہ صرف گوشت خور تھے لیکن اس سے مجھے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
اصل مسئلہ اس وقت پیش آیا جب میں نے اپنے منگیتر سے مینیو میں چار پانچ سبزیوں سے تیار کردہ کھانے رکھنے کا مطالبہ کیا جس پر اس نے انکار کردیا اور میرے علم میں لائے بغیر ہی مینیو میں سے تمام سبزیوں سے تیار کردہ کھانے نکال دیئے۔
میرے سوال کرنے پر اس نے اسے پیسے کا ضیاع قرار دیا اور مجھے تشدد کا نشانہ بنایاجس پر میں نے شادی منسوخ کردی‘‘۔
سوشل میڈیا صارفین نے وائرل ہونے والی اس پوسٹ پر کمنٹس میں تبصرے کرتے ہوئے دلہن کے اس اقدام کو خوب سراہا اور کہا کہ صحیح وقت پر درست فیصلہ کیا۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ شادی سمجھوتے کا نام ہے اور دولہے کے رویے سے ایسا ہرگز محسوس نہیں ہوتا کہ وہ سمجھوتا کرنے کے لیے تیار ہے۔