Tight security in Hyderabad Old City on Friday
ملعون راجہ سنگھ کی جانب سے پیغمبر اسلام کی شان اقدس میں گستاخی کے بعد سے تلنگانہ بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں حیدرآباد کے پرانا شہر میں کل پولیس کی جانب سے مسلم نوجوانوں پر کی گئی بربریت کے بعد حالات مزید کشیدہ ہوگئے تھے تاہم پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے حراست میں لئے گئے تمام مسلم نوجوانوں کو رہا کردیا اور گستاخ کے خلاف مناسب کاروائی کرنے کا تیقن دیا۔ تاہم آج روڈی شیٹر راجہ سنگھ کو گرفتار کرکے چرلہ پلی جیل منتقل کردیا گیا۔
حیدرآباد کے پرانے شہر میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس کی جانب سے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جمعہ کے پیش نظر پرانے شہر میں نیم فوجی دستوں کے علاوہ ریاپیڈ ایکشن فورس کو بھی تعینات کردیا گیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار شہر کے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پرانے شہر میں آج بھی رات 8 بجے بازار کو بند کرادیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کو دوکانات بند کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ پرانے شہر کے بعض علاقے کرفیوں کا منظر پیش کررہے تھے۔
اس دوران کمشنر پولیس سی وی آنند، ڈپٹی کمشنر پولیس سائی چیتنیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آنند نے شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ پولیس عہدیداروں نے عوام کو کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی۔