سری لنکا نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر چھٹی بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
دبئی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے فائنل میچ میں پاکستان ٹیم 171 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں صرف 147 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاک کھلاڑی محمد رضوان کی 55 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی، افتخار احمد 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسی طرح بابر اعظم5، محمد نواز 6 اور فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ آصف علی بھی بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ ہوئے، خوشدل شاہ صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے پرامود مدوشن نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ونندو ہسارنگا تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ابتدائی 5 وکٹیں 58 رنز پر گرنے کے بعد دھنن جیا ڈی سلوا اور بھنوکا راجا پکسے نے شاندار شراکت داری قائم کی,راجا پکسے نے شاندار 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ دھنن جیا ڈی سلوا 25 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ونندو ہسارنگا نے 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
کوشل میڈس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، پتھون نسانکا کو 8 رنز پر حارث رؤف نے پویلین روانہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان، افتخار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی.