حیدرآباد میں عید میلاد النبیﷺ کا جشن، شہر بقعہ نور، فضا درود و سلام سے معطر ہوگئی (ویڈیو دیکھیں)

ہادی عالم، رحمت اللعالمین، نبی کریم حضرت محمدﷺ کی ولادت کا جشن آج ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

سرکار دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا۔ آپﷺ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔

عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر حیدرآباد کو بڑے سجادیا گیا جبکہ سارا شہر بقعہ نور ہوگیا۔ گلی گلی محلے محلے میں چراغاں کیا گیا ہے۔

محافل میلاد النبی ﷺ کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، شمع رسالت کے پروانے اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں، فضائیں دورو و سلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں، شہر میں آج ریلیاں نکالی جارہی ہیں، نذرو نیاز اور لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔

جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر مختلف علاقوں کو کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

وہیں ملک کے دیگر علاقوں میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مساجد، محلوں اور اہم گلیوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ میلاد کی محافل کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔

نبی کریم ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام گلی محلوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں، جن میں شریک ہر شخص کے منہ پر ’سرکار کی آمد مرحبا‘ کا ورد ہے جبکہ عاشقان رسولﷺ کی جانب سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی جارہی ہیں۔
عاشقان رسول ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر حضور کی بارگاہ میں درود و سلام اور نعت رسول مقبول ﷺ کے گلہائے عقیدت پیش کررہے ہیں۔

Jashn e Milad un Nabi Celebration in Hyderabad

اپنا تبصرہ بھیجیں