گجرات کے موربی میں گزشتہ شام تاریخی کیبل پل منہدم ہونے سے 140 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس حادثہ میں اب تک 175 افراد کو بچالیا گیا۔ آخری اطلاع ملنے تک ریسکیو کام جاری ہے۔ لاپتہ افراد کو تلاش کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے و دیگر نے حادثہ پر اپنے گہرے غم کا اظہار کیا۔
اطلاعات کے مطابق پل پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ چھٹھ پوجا تہوار کی وجہ سے بھی لوگ بڑی تعداد میں یہاں آئے ہوئے تھے۔ تقریباً 500 افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے حادثہ کے وقت کیبل پل پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس وقت وزیراعظم نریندر مودی گجرات میں ہی موجود ہی۔
گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھاوی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا اور ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو پل گرنے کی وجوہات کا پتہ چلائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جو بھی اس حادثہ کا ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
ریاستی حکومت نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں وزیراعظم نے متاثرین کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔