ملعون نوپور شرما کے بعد اب ملعون نوین جندال کو سپریم کورٹ کی جانب سے راحت

سپریم کورٹ نے نوین کمار جندال کی جانب سے پیغمبر اسلام کی شان اقدس میں گستاخی کے بعد ملک بھر میں درج تمام ایف آئی آر کو دہلی منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس ایم ایم سندریش کی بنچ نے نوین جندال کو تحقیقات مکمل ہونے تک عبوری تحفظ بھی دیا۔ عدالت نے اس معاملہ میں سماعت کرتےہوئے جندال کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کروانے کےلیے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کی اجازت دی اور آئندہ درج ہونے والی تمام ایف آئی آر کی تحقیقات بھی دہلی پولیس ہی کرے گی۔

عدالت نے مزید کہا کہ تمام ایف آئی آر دہلی پولیس کے آئی ایف ایس سی یونٹ کو منتقل کی جائے اور ملزم کے خلاف 8 ہفتوں تک کوئی ابتدائی کاروائی نہ کی جائے اور نہ ہی اس دوران مزید ایف آئی آر درج کی جائیں تاکہ اسے دہلی پولیس کے سامنے مناسب انداز میں پیش ہونے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے قبل ازیں ملعون نوپور شرما کو بھی راحت دی تھی جس نے پیغمبر اسلام کی شان اقدس میں گستاخی کرکے کروڑو مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا تھا۔ عدالت نے نوپور شرما کے خلاف دائر تمام ایف آئی آر کی جانچ دہلی پولیس کی جانب سے کرنے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں