قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے آغاز ہوگیا ہے۔ قطرکے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب ہوئی۔
افتتاحی تقریب میں عربی ثقافت کے رنگ پیش کیےگئے، افتتاحی تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل ایک ویڈیو میں سمندر کے اندر، وہیل اور شارک مچھلیوں کو تیرتے دکھایا گیا، تقریب کے آغاز پر اُونٹ اور فنکار وں نے رقص کیا۔
افتتاحی تقریب میں معروف بالی وڈ اداکار مورگن فری مین نے امید، اتحاد اور برداشت کا پیغام دیا۔
ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے جھنڈوں کے ساتھ بھی فنکاروں نے پرفارمنس پیش کی، پھر ورلڈ کپ فٹ بال کا آفیشل میسکوٹ میدان میں لایا گیا۔
جنوبی کوریا کے مشہور زمانہ میوزک بینڈ، بی ٹی ایس کے سنگر جونگ کوک نے قطر کے معروف فنکار فہد الخوبیسی کے ہمراہ ورلڈ کپ کے آفیشل گانے ڈریمرز پر پرفارم کیا۔
تقریب میں رقص اور موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فرانس کے1998 ورلڈکپ ونر ٹیم کےرکن مارسے ڈیسیلے نے فیفا ٹرافی کی رونمائی کی۔
قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ورلڈکپ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فٹبال ورلڈکپ ایونٹ نے آج تمام قومیتوں، عقیدوں کو ایک جگہ جمع کر دیا، قطر اور عرب دنیا کی طرف سے ورلڈکپ 2022 میں سب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان، یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے امیر شیخ محمدبن راشد المکتوم اور مصری صدر عبد الفتاح السيسی سمیت دیگر عالمی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
امیر قطر کے خطاب کے بعد آتش بازی کا بھی مظاہر ہ کیا گیا اور مختصر مگر پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی ۔
World Cup 2022 opening ceremony